ممبئی : بہار کے رہائشیوں کو یہاں ممبئی سے اپنے وطن اسکول کی چھٹیوں میں جانے کیلئے کافی دشواری ہوتی ہے اور اسی دشواری کو دیکھتے ہوئے انجمن باشندگان بہار نے وزیر ریل سریش پربھو کو ایک مکتوب بھیج کر بہار کے لوگوں کو ہو رہی پریشانیوں سے آگاہی کروائی ۔ انجمن باشندگان بہار کے دفتر میں منعقدہ ایک اہم میٹنگ میں تنظیم کے جنرل سکریٹری محمود حکیمی سے جب بہار جانے میں ریزرو ٹکٹ نہیں ملنے کی دشواری بتائی تو انہوں نے اپنا فرض سمجھتے ہوئے وزیر ریل کے اہم افسر سے رابطہ کر کے وزیر ریل سے ملاقات کا وقت مانگا ہے ۔ اپنے مکتوب میں حکیمی نے کہا ہے کہ بہار کیلئے ایک مسلسل گاڑی پون ایکسپریس ہے جو بہار کے لوگوں کیلئے ناکافی ہے ہمارے لوگ بہت مصیبت اٹھا کر اپنے وطن جاتے ہیں چونکہ سفر لمبا ہے اس لیے ایسی پریشانی سے کئی لوگ بیمار بھی ہو جاتے ہیں اس لیے بہار کیلئے ابھی خصوصی گاڑیاں بڑھانے کے ساتھ ساتھ کچھ مسلسل گاڑیاں بھی بڑھائی جائیں تا کہ بہار کے رہنے والے لوگوں کو سفر کے تعلق سے تھوڑا راحت پہنچے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ دربھنگہ ، مظفر پور ، متھلانچل ، سیتا مڑھی ، مدھوبنی ، سمستی پور و دیگر اضلاع کے لوگوں کو جو اسکول کی چھٹیوں میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اس سے بڑی تعداد میں ممبئی میں مقیم بہار کے رہنے والے اپنے اہل خانہ کو لیکر چھٹیاں منانے گاوں جاتے ہیں انہیں ٹکٹ نہیں ملتا ہے تو وہ زیادہ پیسہ دے کر ٹکٹ خریدتے ہیں لیکن انہیں سکون سے سفر کرنے نہیں ملتا ہے اسی معاملہ کو لیکر انجمن باشندگان بہار کا ایک اعلی سطحی وفد دہلی میں یا ممبئی میں وزیر ریل سریش پربھو سے جلد ملاقات کرے گا اور انہیں بہار کے لوگوں کو ہو رہی پریشانیوں سے آگاہی کرائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے مکتوب ریلوے کی وزارت کو بھیج دیا ہے اور ان سے کچھ بہتر کی امید بھی ہے ہمیں جس طرح سے وزارت ریل سے مثبت رخ مل رہا ہے اس سے انجمن باشندگان بہار کو پوری امید ہے کہ برسوں سے بہار کے لوگوں کی فلاح کے کام میں اولیت سے کام کرنے والی قدیم تنظیم کو ناامیدی نہیں ہو گی اور بہار کیلئے مسلسل کچھ گاڑیوں کا اضافہ کیا جائے گا ۔
Post View : 19